دبئی، یکم ستمبر (یو این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ہندوستان میں 30 ستمبر سے 2 نومبر تک ہونے والے آئندہ خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم میں چار گنا سے زیادہ اضافہ کیا ہے۔آئی سی سی کے آج جاری کردہ اعلان کے مطابق، نیوزی لینڈ میں 2022 میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ کے گزشتہ ایڈیشن میں کل انعامی رقم 35 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 30.80 کروڑ روپے) تھی، جسے اس بار بڑھا کر 138.8 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 117.74 کروڑ روپے) کر دیا گیا ہے۔ یہ رقم 2023 میں ہونے والے مردوں کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے مقررہ انعامی رقم ایک کروڑ امریکی ڈالر (تقریباً 88 کروڑ روپے) سے بھی زیادہ ہے۔
آئی سی سی کے صدر جے شاہ نے کہا،“یہ اعلان خواتین کرکٹ کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انعامی رقم میں یہ چار گنا اضافہ خواتین کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور اس کے طویل مدتی ترقی کے لیے ہماری واضح وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمارا پیغام سادہ ہے، خواتین کرکٹرز کو یہ جان لینا چاہیے کہ اگر وہ اس کھیل کو پیشہ ورانہ طور پر منتخب کرتی ہیں تو ان کے ساتھ مردوں کی طرح مساوی سلوک کیا جائے گا۔
”آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے ہر مرحلے کے لیے انعامی رقم میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو اب 44.8 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 39.42 کروڑ روپے) ملیں گے۔ یہ 2022 میں آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کو ملنے والی 13.2 لاکھ امریکی ڈالر (11.62 کروڑ روپے) کی رقم سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ رنر اپ ٹیم کو 22.4 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 19.71 کروڑ روپے) ملیں گے۔ شکست کھانے والے دونوں سیمی فائنلسٹوں کو 11.2 لاکھ امریکی ڈالر (9.86 کروڑ روپے) دیے جائیں گے۔
گروپ اسٹیج میں ہر جیت پر فاتح ٹیم کو 34,314 امریکی ڈالر (30.2 لاکھ روپے) ملیں گے۔ پانچویں اور چھٹے مقام پر آنے والی ٹیموں کو سات لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 6.16 کروڑ روپے) ملیں گے، جبکہ ساتویں اور آٹھویں مقام پر آنے والی ٹیموں کو 2,80,000 امریکی ڈالر (تقریباً 2.46 کروڑ روپے) ملیں گے۔
ہر شریک ٹیم کو 2,50,000 امریکی ڈالر (تقریباً 2.20 کروڑ روپے) کی گارنٹی دی گئی ہے۔آٹھ ٹیموں کا یہ بڑا ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے ہندوستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔









