لکھنؤ، 23 مئی (یو این آئی)آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد نے بینگلورو کو232رن کاہدف دیا،جواب میں بینگلورو نے تادم تحریر11اوور میںدووکٹ کے نقصان پر 128رن بنالئے تھے۔قبل ازیں حیدرآباد کے بلے بازوں ابھیشیک شرما (34 رنز) کی تیز شروعات اور اس کے بعد ایشان کشن (ناٹ آؤٹ 94 رنز) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 65ویں میچ میں جمعہ کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو چھ وکٹ پر 231 رنز کا ہدف دیا۔
یہ ایکانا اسٹیڈیم میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے اب تک کا دوسرا سب سے بڑا ہدف ہے۔ اس سے پہلے گزشتہ سیزن میں کے کے آر نے یہاں چھ وکٹ پر 235 رنز بنائے تھے اور ایل ایس جی کے خلاف میچ جیت لیا تھا۔ ایشان کشن نے آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان کے چاروں طرف کئی شاندار شاٹس لگائے تاہم وہ آئی پی ایل میں اپنی دوسری سنچری اسکور کرنے سے محروم رہے۔ انہوں نے اپنی 48 گیندوں کی اننگز کے دوران پانچ چھکے اور سات چوکے لگائے۔ وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔
اس سے قبل ابھیشیک شرما نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ ٹریوس ہیڈ (17) کے ساتھ انہوں نے پہلے چار اوورز میں ٹیم کے اسکور میں 54 رنز جوڑے۔ ابھیشیک نے لنگی نگیڈی کی گیند کو فلک کرنے کی کوشش میں ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر فل شالٹ کے ہاتھوں لپکے گئے۔ اگلے ہی اوور میں ہیڈ کو بھونیشور کمار نے اپنا شکار بنالیا۔ حیدرآباد نے پہلے پاور پلے میں دو وکٹ پر 71 رن بنائے۔
ایک کے بعد ایک دوجھٹکوں کے باوجود حیدرآباد کے بلے بازوں نے رن ریٹ کو سست نہیں ہونے دیا۔ ایشان کشن نے نئے بلے باز ہینرک کلاسن (24) کے ساتھ 48 رنزکی اور انیکیت ورما (26) کے ساتھ مختصر لیکن تیز شراکت داری کی۔ انیکیت نے صرف نو گیندوں میں تین زبردست چھکے اور ایک چوکا لگا کر ایکانا میں بیٹھے تقریباً 45 ہزار تماشائیوں کو پیسہ وصول تفریح ​​فراہم کی۔ بنگلور کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے دو جبکہ سویاش شرما، کرونل پانڈیا، لونگی اینڈیگی اور بھونیشور کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔