حیدرآباد18مئی: حیدرآباد کے تاریخی چارمینار کے قریب واقع گلزار ہاؤس علاقے میں اتوار کو پیش آئے دلخراش آتشزدگی کے واقعے میں 17 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ جان گنوانے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس المناک سانحے پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’حیدرآباد میں آگ لگنے کی اس المناک واردات میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد کی ہلاکت نہایت افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں ان افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتی ہوں۔‘‘ یہ بیان صدر کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا گیا، ’’آگ کے اس حادثے میں جانوں کا ضیاع بے حد افسوسناک ہے۔ میں ان تمام خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘ وزیر اعظم نے اس موقع پر وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے فیس بک پر لکھا، ’’تلنگانہ، حیدرآباد میں ہوئے بھیانک آتشزدگی سانحے میں کئی جانوں کے ضیاع اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس کٹھن گھڑی میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید رکھتا ہوں۔‘‘ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے بیان میں کہا، ’’میں حیدرآباد کے چارمینار علاقے میں پیش آئے خوفناک آتشزدگی سانحے پر دلی طور پر افسردہ ہوں، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ اس مشکل وقت میں میری دلی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کی ہے، جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت فوری ریلیف اقدامات، مناسب معاوضہ اور دیگر ضروری امداد فراہم کر رہی ہے۔ میں کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لیے آگے آئیں اور اس آزمائش کے وقت میں ان کا سہارا بنیں۔‘‘

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا، ’’پرانے شہر کے میر چوک علاقے میں پیش آئے بڑے آتشزدگی حادثے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جس سے شدید دھچکہ پہنچا ہے۔ میں نے حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے، زخمیوں کے بہتر علاج اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ میں خود صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں۔