سڈنی، 06 جنوری (یو این آئی) آسٹریلیا کے اسٹار اوپنر ڈیوڈ وارنر نے سڈنی ٹیسٹ کے اختتام پر ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا۔ وارنر نے 57 رن کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف شاندار فتح دلائی اور ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔ اوپنر نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 130 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سات چوکے لگائے۔ تاہم جب آسٹریلیا ہدف سے 11 رن پیچھے تھا تو وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شاندار ٹیسٹ اور ون ڈے کیریئر کا خاتمہ کیا۔ وارنر نے 44.59 کی اوسط سے 8786 ٹیسٹ رن بنائے جس میں 26 ٹیسٹ سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ون ڈے فارمیٹ میں وارنر نے 45.3 کی اوسط سے 6932 رن بنائے جس میں 22 ون ڈے سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔وہ آسٹریلیا کے لیے کئی کامیاب ٹیسٹ اور ون ڈے فتوحات کا حصہ تھے، جس میں 2015 اور 2023 میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنا، اور 2023 میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنا شامل ہے۔ ٹیسٹ کے اختتام پر وارنر نے کہا، “یہ جیت آسٹریلیائی کرکٹ کے لیے ایک مثالی دور کی انتہا تھی۔ یہ تقریباً ایک خواب کے سچ ہونے کی طرح ہے۔ “ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد ایشز سیریز ڈرا اور پھر ہندوستان میں ورلڈ کپ اور پھر یہاں آنا اور 3-0 سے ختم کرنا ایک شاندار کامیابی ہے اور مجھے یہاں عظیم کرکٹروں کے ساتھ ہونے پر فخر ہے۔ وارنر نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے ہوم کراؤڈ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ “میں بہت خوش اور واقعی فخر محسوس کر رہا ہوں۔