بھوپال:12؍مارچ:وزیر امداد باہمی اور کھیل نیز نوجوان بہبود مسٹر وشواس کیلاش سارنگ نے مدھیہ پردیش کے بجٹ 2025-26 کی تعریف کی اور اسے ’’وکست بھارت کے عزائم کو پورا کرنے والا سبھی کے مفاد اور فلاح وبہبود پر مبنی بجٹ‘‘ بتایا ۔ وزیر مسٹرسارنگ نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کے ’’گیان پر دھیان‘‘ کے منتر کو اس بجٹ میں مکمل طور پر شامل کیا گیا ہے۔ وزیر مسٹر سارنگ نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور وزیر مالیات مسٹر جگدیش دیوڑا کو بجٹ کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت اور وزیر مالیات مسٹر دیوڑاکے ذریعہ پیش کردہ 4,21,032 کروڑ روپے کے تاریخی بجٹ نے ریاست میں ترقی، خوشحالی اور عوامی بہبود کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی راہ ہموار کی ہے۔ یہ بجٹ اقتصادی نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف کی بنیاد رکھنے میں اہم رول ادا کرے گا۔
ملک میں پہلی بار ہر اسمبلی میں اسپورٹ احاطے بنائے جائیں گے
وزیر مسٹرسارنگ نے کہا کہ بجٹ میں کھیلو انڈیا ایم پی کے تحت 180 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے، 170 کروڑ روپے اسپورٹس اکیڈمیوں کے قیام کے تحت اور 159 کروڑ روپے اسٹیڈیم اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے تحت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار کسی ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں اسپورٹس اسٹیڈیم بنانے کا تاریخی اقدام کیا گیا ہے جس سے نوجوانوں کو کھیلوں اور جسمانی نشوونما کے بہترین مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے “سی ایم یووا شکتی” اسکیم کے تحت تمام اسمبلی حلقوں میں آسانی سے قابل رسائی اور اچھی طرح سے لیس اسٹیڈیم کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس اسکیم کے لیے بجٹ میں 25 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔
روایتی کھیلوں کو بھی ملے گا فروغ
وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ نئی اسکیم روایتی کھیلوں کی حوصلہ افزائی کے تحت ریاست کے روایتی کھیل کبڈی، کھوکھو، گلی ڈنڈا، شطرنج، کشتی، تیر اندازی، گدا، پٹھو، کنچے وغیرہ کے مقابلے کا انعقاد سبھی ترقیاتی بلاکوں میں حکومت ہند اور این آئی ایس پٹیالہ کے زیر اہتمام کیا جائے گا۔ جس سے روایتی کھیلوں کو قومی سطح پر نئی پہچان ملے گی اور نوجوان نسل اپنی ثقافتی وراثت سے بھی مزید وابستہ ہوسکے گی۔