لندن، 15 جون (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2024-25 کے اتوار کو کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آج یہاں لی ویلی ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں ویشنوی وٹھل پھالکے نے تیسرے منٹ میں گول کرکے ہندوستانی خواتین ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ اس کے بعد دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں مزید کئی مواقع پر گول کرنے میں ناکام رہیں۔ تیسرے کوارٹر میں آسٹریلیا نے اپنا تیز اٹیک جاری رکھا اور ایمی لاٹن نے 37ویں منٹ میں گول کر کے کامیابی دلائی۔ اس کے ساتھ ہی اسکور 1-1 سے برابر ہوگیا۔میچ کے آخری کوارٹر میں دونوں ٹیمیں برابری پر تھیں۔ ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا، لیکن آسٹریلوی گول کیپر نے شاندار سیو کرتے ہوئےاسے ناکام بنادیا۔
54ویں منٹ میں ہندوستان نے لگاتار چار پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ میچ میں 34 سیکنڈ باقی تھے، آسٹریلیا کو پنالٹی کارنر ملا اور لیکسی پکرنگ نے ہندوستانی گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے گول کر کے اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔ہندوستانی خواتین ٹیم اپنے اگلے میچ میں منگل کو ارجنٹینا کا مقابلہ کرے گی۔