نئی دہلی، 9 جنوری (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے منگل کو ہرمن کروز کو نیا ہائی پرفارمنس ڈائریکٹرمقرر کرنے کا اعلان کیا۔ وہ ستمبر 2024 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے اور دیگرکاموں کے علاوہ کوچ ایجوکیشن پاتھ وے سمیت ہاکی انڈیا کے قومی جونیئر اور سینئرپروگراموں کی نگرانی کریں گے۔نیدرلینڈ کے رہنے والے کروز کے پاس کوچنگ کا دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ اس سے قبل انہیں بالترتیب باوقار ایف آئی ایچ مینزجونیئر ورلڈ کپ اور ایف آئی ایچ خواتین کے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کی نگرانی کے لیے ہندوستانی مردوں اور جونیئر خواتین کی ہاکی ٹیموں کے کوچ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔کروز نے نیدرلینڈز کے ڈین بوش لیڈیز کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کیاہے اور ان کے دور میں ٹیم نے لگاتار آٹھ بار یورپی کپ جیتا۔ وہ 2006 سے 2008 تک نیدرلینڈ انڈورویمنزہاکی ٹیم کے قومی ہیڈ کوچ بھی تھے اور 2008 سے 2010 تک نیدرلینڈ آؤٹ ڈور ٹیم کے قومی ہیڈ کوچ بھی رہے۔وہ 2016 سے اگست 2023 تک بیلاروس انڈور اور آؤٹ ڈور ٹیم کے قومی ہیڈ کوچ رہے۔ کروز ایک مصدقہ ایف آئی ایچ کوچ ٹیچر ہیں۔
ہاکی انڈیا کے صدر پدم شری ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا، ہاکی انڈیا سینئر کوچ ہرمن کروز کو ہاکی انڈیا کا ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر مقرر کرنے پر بہت خوش ہے۔ وہ جونیئر اور سینئر پروگراموں سمیت ہاکی انڈیا کے ذریعے چلائے جانے والے مختلف پروگراموں کی نگرانی کریں گے۔ میں ہرمن کو اس نئے کردار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔کروز نے ہاکی انڈیا کے ڈائرکٹر مقرر ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا، “میں ہاکی انڈیا کے ساتھ اس نئے عہدے کا منتظر ہوں۔ ہندوستانی ٹیمیں تاریخ بنانے کے راستے پر ہیں اور میں اس سال کے لئے ٹیموں اور ہاکی انڈیا کو ان کے اہداف حاصل کرنے میں مدد کرنے کے لیے اپنی مہارت کا استعمال کرنے کا منتظر ہوں۔