پٹنہ،7 ستمبر(یو این آئی) بہار کے راج گیر اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے ہاکی ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں ہندستان اور چین کے درمیان دلچسپ اور حیرت انگیز مقابلہ میں ہندوستان نے 7-0 کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ اب اس کا خطا بی مقابلہ اتوار کو 5 بار کے چمپئن جنوبی کوریا سے ہوگا۔ ہندستان کی طرف سے ابھیشیک نے 2 گول کئے۔ دلپریت سنگھ، مندیپ سنگھ، شیلانند لاکڑا، سکھجیت سنگھ اور راجکمار پال نے بھی 1-1 گول کیا۔ ہاف ٹائم تک ٹیم نے 3-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ بعد ازاں اس نے آخری ہاف میں مزید 4 گول کرکے 7-0 کی جیت درج کی۔اب ہندستان نویں بارہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ ہندستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سپر 4 مرحلے کا میچ 2-2 سے ڈرا ہوگیا۔ جنوبی کوریا گزشتہ دو بار کی چمپئن بھی ہے، ٹیم نے فائنل میں 2022 میں ملیشیا اور 2017 میں ہندستان کو شکست دے کرخطاب جیتا تھا۔ ہندوستان کے پاس چوتھی بار ایشیا کپ جیتنے کا سنہرا موقع ہوگا۔ ہفتہ کو سپر 4 مرحلے میں جنوبی کوریا نے ملیشیا کو 4-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ ملیشیا اور چین سپر 4 مرحلے میں 2-2 میچ ہارنے کے بعد باہر ہوگئے۔ ہندستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا جبکہ جنوبی کوریا پول اور سپر 4 مرحلے میں 2 میچ ہار چکا ہے۔
پاکستان کے کبڈی کھلاڑی کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال
اسلام آباد، 07 ستمبر (یواین آئی) پاکستان کے پنجاب کے شہر وہاڑی میں ایک کبڈی میچ کے دوران نامور کھلاڑی ماکھا جٹ جہانیاں منڈی والا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ سوشل میڈیا پر وہاڑی میں ہونے والے کبڈی میچ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک کھلاڑی کھیل کے دوران ہی اچانک نیچے گرجاتا ہے، اس دوران باہر سے ساتھی کھلاڑی بھاگ کر اس کی جانب آتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساتھی کھلاڑی ماکھا جٹ جہانیاں منڈی والا کو اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور اسے سپورٹ فراہم کررہے ہیں تاہم وہ ایک بار اٹھنے کے بعد دوبارہ نیچے گرجاتے ہیں۔اکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین اور سیکریٹری محمد سرور رانا کی جانب سے کبڈی کے نامور کھلاڑی ماکھاجٹ جہانیاں منڈی والا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔