اقوام متحدہ 19نومبر: عالمی عدالت انصاف نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے میانمار کو روہنگیا اقلیت کے خلاف نسل کشی کا قصوروار قرار دیا ہے اور اسے حکم دیا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کی بحفاظت وطن واپسی کا راستہ ہموار کرے اور انہیں معاوضہ ادا کرے۔ اپنی 80 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے ججوں نے یہ فیصلہ دیا ہے کہ کسی ملک نے نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے۔ دی ہیگ میں واقع عدالت کے گریٹ ہال آف جسٹس میں فیصلہ سناتے ہوئے آئی سی جے کے صدر یو جی ایواساوا نے کہا کہ ’’جمہوریہ یونین آف میانمار نے ریاست رخائن کے شمالی علاقے میں روہنگیا برادری کے خلاف نسل کشی کی ہے۔‘‘ تقریباً تین گھنٹے تک ایواساوا نے میانمار کی جانب سے اپنی زیادہ تر مسلم روہنگیا اقلیت کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران کیے گئے مظالم کے دل دہلا دینے والے شواہد پیش کیے۔ اس مہم کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا افراد پڑوسی ملک بنگلہ دیش نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔
ایواساوا نے کہا کہ میانمار کی سیکورٹی فورسز نے ہزاروں روہنگیا شہریوں کا قتل کیا، خواتین کے خلاف ’’وسیع پیمانے پر جنسی تشدد‘‘ کیا اور بچوں کے ساتھ ’’انتہائی تشدد‘‘ کا مظاہرہ کیا۔ آئی سی جے نے کہا کہ روہنگیا دیہات کو ’’منظم طریقے سے تباہ‘‘ کیا گیا اور ان کی جگہ غیر روہنگیا باشندوں کو آباد کیا گیا۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ اس کا ’’واحد معقول نتیجہ‘‘ یہی نکلتا ہے کہ میانمار کا مقصد اس آبادی کو ختم کرنا تھا، جو نسل کشی ثابت کرنے کے لیے ایک اہم معیار ہے۔