چنئی:10؍دسمبر:ہندوستان نے نو سال بعد جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ جونیئر انڈیا نے آخری 11 منٹ میں چار گول کر کے 2021 کی چیمپئن ارجنٹینا کو 4-2 سے شکست دی۔
دو بار کی عالمی چیمپئن ہندوستانی ٹیم (ہوبارٹ 2001 اور لکھنؤ 2016) نے آخری بار 2016 میں کوئی تمغہ جیتا تھا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا دوبار کانسہ کے تمغے کا مقابلہ ہار کر چوتھے نمبر پر رہی تھی۔
تین کوارٹر تک دو گول سے پیچھے رہنے کے بعد، ہندوستان نے شاندار واپسی کی۔ ٹیم انڈیا نے کھچا کھچ بھرے میئر رادھا کرشنن اسٹیڈیم میں آخری 11 منٹ میںچار گول کرکے سکون کی سانس لی۔
ہندوستان کی جانب سے انکت پال (49ویں)، منمیت سنگھ (52ویں)، شردانند تیواری (57ویں) اور انمول ایکا (58ویں) نے گول کئے۔ ارجنٹائن کی جانب سے نکولس روڈریگز (5ویں) اور سینٹیاگو فرنینڈز (44ویں) نے گول کئے۔واضح رہے کہ کانسے کا تمغہ جیتنے کے بعد ہاکی انڈیا نے جونیئر ٹیم انڈیا کے ہر کھلاڑی کے لیے 5 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔ یہی نہیں ہاکی انڈیا نے سپورٹ اسٹاف کو ڈھائی لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔









