میونخ، 16 جون (یو این آئی) ہندوستانی نشانے بازوں نے جرمنی کے میونخ میں تیسرے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی اور دو کانسے سمیت کل چار تمغے جیتے۔اس ٹورنامنٹ میں 36 رکنی ہندوستانی ٹیم نے حصہ لیا۔ ہندوستان ٹورنامنٹ کے میڈل ٹیبل میں تیسرے نمبر پر رہا۔ چین پہلے اور ناروے دوسرے نمبر پر رہے۔گن فار گلوری اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والی دو بار کی اولمپیئن ایلاوینل والاریوان نے خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل کے زمرے میں 231.2 پوائنٹس حاصل کرکے کانسی کے تمغے کے ساتھ ہندوستان کے تمغے کا کھاتہ کھولا۔ 25 سالہ کھلاڑی نے اسی ایونٹ کے کوالیفکیشن راؤنڈ کے دوران 635.9 کا غیر معمولی اسکور درج کرتے ہوئے ایک نیا قومی ریکارڈ بھی بنایا۔اس کے علاوہ رائفل شوٹر سفٹ کور سمرا نے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ایونٹ میں 453.1 کے فائنل اسکور کے ساتھ پوڈیم پر تیسرا مقام حاصل کیا۔ انیس سالہ سوروچی سنگھ نے میونخ میں خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں 241.9 کا اسکور حاصل کرتے ہوئے اپنا تیسرا طلائی تمغہ جیتا۔ ارجن بابوتا اور آریہ بورسے کی شاندارجوڑی نے 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں چینی ٹیم پر 17-7 کی شاندار جیت درج کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔
گن فار گلوری کے ایک اور ہونہار ایتھلیٹ، میڈیننی اما مہیش نے ٹورنامنٹ میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا اور 632.3 کے اسکور کے ساتھ مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں ٹاپ آٹھ میں جگہ حاصل کرنے والے واحد ہندوستانی ایتھلیٹ بن گئے۔خواتین شوٹر والاریون نے کہا، “ہم اپنے ملک کے لیے کچھ جیتنے کے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے ہر روزٹریننگ لیتے ہیں۔ میں گن فار گلوری سیٹ اپ اور خاص طور پر کوچ نیہا چوہان کی بہت شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے اس کھیل میں بہترین حاصل کرنے میں مدد کرنے کے لئے مسلسل رہنمائی اور مدد کی، جسے میں بہت پیار کرتی ہوں۔رائفل اور پسٹل شوٹرز کے لیے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ 2025 کا اگلا ایونٹ ستمبر میں چین کے شہر ننگبو میں منعقد ہوگا۔