سولو (انڈونیشیا)، 20 جولائی (یواین آئی) ہندوستان نے اتوار کے روز انڈونیشیا میں جاری بیڈمنٹن ایشیا جونیئر مکسڈ ٹیم چیمپئن شپ کے گروپ مرحلے میں اپنی مسلسل کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے گروپ ڈی کے آخری مقابلے میں ہانگ کانگ کو 110-100 سے شکست دے کر گروپ ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ہندوستان اور ہانگ کانگ چین اتوار کو آمنے سامنے ہونے سے پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے، لیکن جیت کا سلسلہ برقرار رکھنا ضروری تھا۔ آج یہاں کھیلے گئے مقابلوں میں رُجولا رامو نے ایک بار پھر ہندوستان کو کامیاب آغاز فراہم کیا اور آئی پی سم یاو کو 8-11 سے شکست دی، اس کے بعد ہندوستان کے بھارگو رام اریگیلا اور وشوتیج گوبّرو کی عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر کی جونیئر بوائز ڈبلز جوڑی نے چیونگ سائِ شِنگ اور ڈینگ چی فائی کے خلاف برتری کو 22-13 تک پہنچا دیا۔ہانگ کانگ کے لیم کا تو نے 13 پوائنٹس حاصل کر کے اپنی ٹیم کے فرق کو کچھ کم کیا، اس کے بعد رؤنک چوھان نے ہندوستان کے اسکور کو 33 تک پہنچا دیا۔ پانچ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان صرف چھ پوائنٹس کا فرق تھا، اسکور 55-49 تھا۔ لیکن جونیئر عالمی نمبر 1 تنوی شرما نے دوسرے گرلز سنگلز میں لیو ہوئی کیو انا پر اپنی گرفت مضبوط رکھتے ہوئے اسکور 66-54 کر دیا اور ہندوستان کو دوبارہ برتری دلا دی۔
اگلے چار میچ سخت مقابلے والے رہے، لیکن ہندوستان نے اپنی برتری برقرار رکھی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ گروپ میں سرفہرست رہے۔اب پیر کے روز ہندوستان کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں جاپان سے ہوگا۔جاپان گروپ اے میں تھائی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہا۔









