شملہ30مارچ: ہماچل پردیش کے کُلّو ضلع کے مشہور سیاحتی مقام منی کرن میں اتوار کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جب گرودوارہ منی کرن صاحب کے قریب مٹی کا تودہ گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ شام تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب گرودوارے کے سامنے سڑک کنارے کئی لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ اچانک پہاڑی سے بھاری مقدار میں ملبہ گر پڑا، جس کے ساتھ ایک بڑا درخت بھی نیچے آ گرا۔ اس حادثے میں وہاں موجود لوگ ملبے کی زد میں آ گئے۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مرنے والوں میں 3 سیاح اور ایک سڑک کنارے کھڑے ریہڑی والے شامل ہیں۔ کُلّو کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) اشونی کمار نے بتایا کہ حادثے کے بعد انتظامیہ نے ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ فوری طور پر روانہ کر دیا۔ جائے وقوعہ پر پولیس، فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق علاقے میں ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ریاستی حکومت نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ نے علاقے کے رہائشیوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتیں، کیونکہ حالیہ بارشوں کے سبب زمین کھسکنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔