بلاسپور: ہماچل پردیش میں شدید بارش کے بعد بلاسپور ضلع میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع کے برٹھی کے قریب بھالو میں ایک نجی بس لینڈ سلائیڈ کی زد میں آ گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، بس میں تقریباً 30 مسافر سوار تھے اور بس کی چھت پر ملبہ اور پتھر گرے ہیں۔ اب تک 15 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ ایک بچے کو زندہ نکالنے کی بھی اطلاع ہے۔ وزیراعلیٰ کے دفتر سے 15 افراد کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سنتوشی نامی نجی بس پر ملبہ اور پتھر گرنے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ ہو چکی ہیں۔ راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے، لیکن ملبہ زیادہ ہونے کی وجہ سے کام میں دقت آ رہی ہے۔
راجستھان میں 1.25 کروڑ روپے کا ڈوڈا چورا برآمد
ادے پور، 7 ستمبر (یو این آئی) راجستھان کے ادے پور ضلع کے گوگندا تھانہ علاقے میں پولیس نے ایک کار سے تقریباً 1.25 کروڑ روپے کا غیر قانونی ڈوڈا چورا برآمد کیا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ یوگیش گوئل نے منگل کو بتایا کہ پیر کی رات ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسوال-کمبھل گڑھ روڈ پر امرچنڈیا جھیل کے قریب ایک چوکی قائم کی اور دو انووا کاروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم ڈرائیوروں نے رفتار تیز کردی اور کمبھل گڑھ کی طرف روانہ ہوگئے۔ جب پولیس ٹیم نے ان کا پیچھا کیا تو ایک کار سے گولیاں چلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پولیس نے ان کا پیچھا کیا اور ایک کار کو گھیر لیا۔ دو افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کار سے اتر کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے کار کی تلاشی لی اور 25 پلاسٹک کے تھیلوں میں 496 کلو گرام ڈوڈا چورا برآمد کیا جس کی قیمت تقریباً 1.25 کروڑ روپے ہے۔ دوسری گاڑی کی تلاش جاری ہے۔