نئی دہلی، 05 ستمبر (یواین آئی) نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے آج نئی دہلی میں مائی بھارت ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہزار سے زائد این ڈی ایم اے سے تربیت یافتہ مائی بھارت آپدا متر کو پنجاب اور ہماچل پردیش کی سیلاب زدہ ریاستوں میں راحت اور بچاؤ کی سرگرمیوں میں فعال طور پر شامل کیا جائے گا۔ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ یہ نوجوان رضاکار مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رسد اور بنیادی سہولیات ان دور دراز دیہاتوں تک پہنچ سکیں جو قدرتی آفت کی وجہ سے تقریباً ناقابلِ رسائی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان نوجوانوں کی طرف سے فراہم کی جانے والی یہ امداد اس بات کی گواہی ہے کہ مائی بھارت نے قومی تعمیر کے لیے نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر شمولیت کو ممکن بنایا ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید ہدایت دی کہ مائی بھارت کے رضاکار، ضلعی یوتھ افسران کے ساتھ مل کر، ضلع مجسٹریٹوں کے قریبی تعاون سے متاثرہ برادریوں کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کریں۔









