بھوپال:03؍اکتوبر:وزیر مملکت پسماندہ طبقات اور اقلیتی بہبو د (آزادانہ چارج) شریمتی کرشنا گور نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے ہر شہری کا اپنی صحت کے تئیں محتاط اور بیدار رہنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا بنیادی مقصد عوامی خدمت کے ذریعہ معاشرے کے ہر طبقے تک آسانی سے دستیاب اور معیاری بنیادی سہولیات پہنچانا ہے۔ شریمتی گور سنیچرکو مسرود واقع سرکاری نوین ہائر سیکنڈری اسکول میں ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت منعقدہ صحت کیمپ کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔
کیمپ میں نوبل اسپتال کے ماہرین کی جانب سے اسکولی طلباء، اساتذہ اور مقامی شہریوں کی مفت طبی جانچ کی گئی اور ضروری مشورے اور طبی خدمات فراہم کی گئیں۔ وزیر مملکت شریمتی گور نے کیمپ کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی صحت جانچ کے طریقہ کار اور طبی انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے شہریوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں صحت کے تئیں محتاط رہنے اور باقاعدگی سے طبی معائنہ کرانے کے لیے ترغیب دی۔
پروگرام میں وزیر مملکت شریمتی گور نے اسکول کے احاطے میں پھل دار اور سایہ دار پودے لگا کر ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسکول کے احاطے میں منعقدہ صفائی مہم میں شرکت کرتے ہوئے عطیہ محنت کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماحول کی بہتری اور اپنے اردگرد صفائی برقرار رکھنا ہم سب کی اجتماعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ عوامی مقامات اور تعلیمی اداروں کو صاف، پاکیزہ اور سرسبز رکھنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو فعال طور پر اپنا تعاون دینا چاہیے۔پروگرام میں اسکول کا عملہ، صحت کیمپ کے ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور بڑی تعداد میں معزز مقامی شہری موجود رہے۔