آکلینڈ، 21 مارچ (یو این آئی) حسن نواز (ناٹ آؤٹ 105) کی سنچری اور کپتان آغا سلمان (ناٹ آؤٹ 51) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے جمعہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محمد حارث اور حسن نواز کی سلامی جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 74 رنز جوڑے۔ جیکب ڈفی نے چھٹے اوور میں محمد حارث کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ محمد حارث نے 20 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے کپتان سلمان نے حسن نواز کے ساتھ مل کر نہ صرف اننگز کو سنبھالا بلکہ دونوں بلے بازوں نے تیزی سے رن بھی بنائے۔ پاکستان نے 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنا کر میچ نو وکٹوں سے جیت لیا۔ حسن نواز نے 45 گیندوں پر 10 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 105 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
کپتان آغا سلمان 31 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی واحد کامیاب بولر تھے۔ انہوں نے محمد حارث کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے، نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے پہلے ہی اوور میں فن ایلن (0) کی وکٹ کھودی۔ اس کے بعد مارک چیپ مین بیٹنگ کے لیے آئے اور طوفانی انداز میں بیٹنگ شروع کی۔ انہوں نے ٹم سائفر کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 40 رنز کی شراکت کی۔ حارث رؤف نے پانچویں اوور میں ٹم سائفر کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔ ٹم سائفر نے نو گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز بنائے۔ دو وکٹیں گرنے کے باوجود ڈیرل مچل اور مارک چیپ مین نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 55 رنز جوڑے۔ شاداب خان نے 10ویں اوور میں ڈیرل مچل کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ ڈیرل مچل (17) نے 11 گیندوں پر یہ اسکور بنایا۔ سنچری کی جانب بڑھنے والے مارک چیپ مین کو 13ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ مارک چیپ مین نے 44 گیندوں پر 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے۔ جمی نیشم (تین)، مچل ہی (نو) اور کائل جیمیسن (صفر) آؤٹ ہوئے۔ 19ویں اوور میں حارث رؤف نے کپتان مائیکل بریسویل کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ مائیکل بریسویل نے 18 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ اسی اوور میں رؤف نے ایش سوڈھی (10) کو آؤٹ کر کے پاکستان کی نویں وکٹ حاصل کی۔
عباس آفریدی نے 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر جیکب ڈفی (2) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی اننگز 204 پر سمیٹ دی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔