نئی دہلی، 19 مارچ (یواین آئی ) ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل پول ڈرا اور شیڈول کے اعلان کے بعد، ہندوستانی مینس قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے جمعرات کو کہا کہ ہم اس پول میں ہر حریف ٹیم کا احترام کرتے ہیں، لیکن ہمیں ان کے خلاف خود پر مکمل بھروسہ ہے۔ ہندوستان کو پول ڈی میں ٹاپ سیڈ انگلینڈ، روایتی حریف پاکستان اور مضبوط ٹیم ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ مرحلے کے تمام میچز نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں واقع ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ٹیم کے تربیتی کیمپ میں ڈرا پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے فلٹن نے کہا، “ہم پرجوش ہیں۔ یہ ایک مضبوط گروپ ہے، لیکن ورلڈ کپ میں آپ یہی چاہتے ہیں کہ آپ کا امتحان بہترین ٹیموں کے خلاف ہو۔ ٹیم کے کیمپ میں ماحول بہت مثبت ہے، کھلاڑی پرعزم اور جیت کے لیے پرجوش ہیں اور اب جب ہمیں اپنے حریفوں کا علم ہو گیا ہے، تو ہماری تیاریوں میں مزید واضحیت اور توجہ پیدا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا،انگلینڈ ایک منظم اور جسمانی طور پر مضبوط ٹیم ہے، جو ہمارے پول میں ٹاپ سیڈ بھی ہے۔ پاکستان اپنی مہارت، غیر متوقع کھیل اور بھرپور ہاکی روایت کے ساتھ آتا ہے، یہ ایسی ٹیم نہیں ہے جسے کبھی ہلکا لیا جائے۔ ویلز بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا رہا ہے اور وہ توانائی اور عزم سے بھرپور ہوں گے۔ ہم اس پول میں ہر حریف کا احترام کرتے ہیں، لیکن ہم ان سب کے خلاف خود پر یقین رکھتے ہیں۔”
ہندوستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15 اگست کو ویلز کے خلاف کرے گی۔ یہ ایک خاص مقابلہ ہے کیونکہ یہ ہندوستان کے یومِ آزادی کے دن پڑ رہا ہے، اسی لیے کوچنگ اسٹاف نے ابھی سے ایک تفصیلی خاکہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔