نئی دہلی30اپریل: حکومت ہند کی وزارت برائے اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کی سرپرستی اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے انتظامی بندوبست میں شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے حج ایمبارکیشن پوائنٹ، اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقدس حج سفر پر روانہ ہونے والے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج رات 8 بجے سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر SV-3079 کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ ہوا۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر ایک رخصتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو خود موجود تھے اور انہوں نے حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ہندوستان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جادی نائف الرقاص اور وزارت اقلیتی امور حکومت ہند کے جوائنٹ سکریٹری سی پی ایس بخشی بھی موجود تھے۔ رخصتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے معزز وزیر کا استقبال کیا اور تمام مہمانوں و حجاج کرام کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر موصوف نے بھی تمام عازمین حج کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے اور اپنی و اپنی وزارت کی جانب سے کامیاب اور پرامن حج سفر کی نیک خواہشات پیش کیں۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے آج کے حج سفر کی تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ 30 اپریل سے 30 مئی تک جاری رہنے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں میں آج کی پہلی پرواز میں 399 حجاج کرام اور ان کی مدد کے لیے 2 اسٹیٹ حج انسپکٹر مدینہ روانہ ہوئے۔ مدینہ میں 8 دن قیام کے بعد انہیں مکہ بھیجا جائے گا اور حج کے بعد ان کی واپسی جدہ سے ہوگی۔