پرتھ، 18 اکتوبر (یو این آئی) – ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ون ڈے کپتان شبھمن گِل اپنا پہلا ون ڈے میچ ایک منفرد پس منظر کے ساتھ کھیلنے جا رہے ہیں۔ وہ ایک ایسی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جس میں ہندوستانی کرکٹ کے دو سب سے بااثر سابق کپتان شامل ہیں – روہت شرما اور وراٹ کوہلی۔گِل نے کہا کہ دونوں سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے رشتے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے پرتھ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا،”مجھے لگتا ہے باہر کی کہانی کچھ اور ہے، لیکن ہمارے بیچ سب کچھ پہلے جیسا ہی ہے۔ یہی چیز بہت مددگار ثابت ہو رہی ہے۔میں اکثر وراٹ بھائی اور روہت بھائی سے مشورہ لیتا ہوں۔ وہ جو کچھ محسوس کرتے ہیں یا کسی صورتِ حال میں کیا کرتے، وہ سب میں ان سے پوچھتا ہوں۔ مجھے دوسروں کے خیالات سننا پسند ہے، پھر اپنی سمجھ کے مطابق فیصلہ کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا، “میری ان دونوں کے ساتھ بات چیت ہمیشہ کھلی اور بے تکلف رہی ہے۔ جب بھی کسی بات پر شک ہوتا ہے، میں ان کے پاس جاتا ہوں، ان سے رائے لیتا ہوں۔ وہ کبھی بھی مشورہ دینے میں ہچکچاتے نہیں۔
یہی اصل تجربے کا خزانہ ہے۔گِل کے مطابق، ان دو کھلاڑیوں کی قیادت کرنا جنہیں وہ بچپن میں اپنا آئیڈیل مانتے تھے، ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔”یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں ان لیجنڈز کے ساتھ کھیل رہا ہوں جنہوں نے مجھے ہمیشہ متاثر کیا۔” میں نے ان دونوں سے سیکھا ہے کہ ٹیم کو آگے کیسے لے جانا ہے۔ مجھے یقین ہے یہ تجربہ ٹیم کے لیے بہت کارآمد ہوگا۔









