ممبئی، 06 مئی ( یواین آئی) آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینس کے ذریعہ دئے گئے 156رن کے ہدف کاتعاقب کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز نے خبرلکھے جانے تک 14 اوور میں دو وکٹ پر 107رن بنالئے تھے۔باقی بچے چھ اوور میں گجرات کو 49رن درکار تھے۔ شبھ من گل 38اورردرفورڈ 26بناکر بلے بازی کررہے تھے۔قبل ازیں گجرات ٹائٹنز نے اپنے گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت منگل کو انڈین پریمیئر لیگ کے 56ویں میچ میں ممبئی انڈینز کو 155 رنز کے اسکور پر روک دیا۔آج یہاں گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری ممبئی انڈینز کی شروعات خراب رہی اور اس نے اپنے دونوں اوپنرز ریان رکلٹن (2) اور روہت شرما (7) کے وکٹ 26 کے اسکور تک گنوا دیے۔ اس کے بعد ول جیکس اور سوریہ کمار یادو کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور جدوجہد کرتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لیے 71 رنز جوڑے۔ گیارہویں اوور میں سائی کیشور نے سوریہ کمار یادو کو 24 گیندوں پر 35 رنز بنا کر آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ بارہویں اوور میں راشد خان نے ول جیکس کو آؤٹ کر کے ممبئی کو چوتھا جھٹکا دیا۔ ول جیکس نے 35 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد ممبئی کے بلے باز گجرات کے گیند بازوں کے سامنے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ ہاردک پانڈیا (1)، تلک ورما (7) اور نمن دھیر (7) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوربن بوش 20ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ کوربن بوش نے 22 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 155 رنز کا اسکور بنایا۔گجرات ٹائٹنز کی جانب سے سائی کیشور نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ارشد خان، محمد سراج، پرسدھ کرشنا، راشد خان اور جیرالڈ کوئٹزی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔