بھوپال:23؍جون:جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت اور جدید چیلنجوں کے مطابق پولیس فورس کو زیادہ باصلاحیت، تکنیکی طور پر ماہر اور عوام دوست بنانے کے مقصد سے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کی جانب سے منعقدہ 15 روزہ خصوصی پولیس تربیتی (اسمارٹ پولیسنگ ٹریننگ) کیمپ کا اختتام پی ٹی آر آئی تربیتی مرکز، بھوپال میں ہوا۔ اس موقع پر اسپیشل ڈائریکٹر جنرل پولیس (دورِسنجار) مسٹر سنجیو کمار شمی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (ریلوے)، بھوپال مسٹر راجا بابو سنگھ مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔8 جون سے 22 جون تک منعقد ہونے والے اس خصوصی تربیتی پروگرام میں جی آر پی بھوپال، اندور اور جبل پور یونٹس کے کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر سطح تک کے مجموعی طور پر 30 پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کرکے تربیت حاصل کی۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد پولیس فورس کو جدید، زیادہ اسمارٹ، تکنیکی طور پر باصلاحیت اور حساس بنانا تھا۔