اورنگ آباد، 26 جولائی (پریس ریلیز):اورنگ آباد کے معروف تجارتی مرکز تلک پتھ، پائٹھن گیٹ سرکل، روبرو نور مسجد میں واقع جدید و معیاری ملبوسات کے شوروم ؎نیو اپڈیٹ مینس ویئر” کا شاندار افتتاح اتوار کو بعد نمازِ عصر معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر محمد عبدالسمیع ندوی، اسسٹنٹ پروفیسر، مولانا آزاد کالج آف آرٹس، سائنس اینڈ کامرس، اورنگ آباد کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔افتتاحی تقریب میں روزنامہ اورنگ آباد ٹائمز کے چیف ایڈیٹر شعیب خسرو صاحب اور میٹرو میٹل انڈسٹریز کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر یونس خان صاحب نے بطورِ مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر یونس خان صاحب نے اپنے خطاب میں تجارت و کاروبار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں دیانت داری، اعلیٰ معیار اور صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھنا کامیاب کاروبار کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے نوجوان تاجروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کی تلقین کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عبدالسمیع ندوی نے تجارت کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایک بابرکت پیشہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رزقِ حلال، دیانت داری، امانت داری اور حسنِ اخلاق ایک کامیاب تاجر کی حقیقی پہچان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت محض منافع کمانے کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کی خدمت اور اعتماد کی ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔ آخر میں انہوں نے نیو اپڈیٹ مینس ویئر کی ترقی، خیر و برکت اور کاروباری کامیابی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔
اس موقع پر نیو اپڈیٹ مینس ویئر کے پروپرائٹر فضل اللہ خان نے تمام مہمانانِ کرام، معزز شخصیات اور شرکائے تقریب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شوروم میں مردانہ ملبوسات کی بہترین، جدید اور معیاری ورائٹیز مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ معیار، مناسب قیمت اور بہترین کسٹمر سروس ان کے ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
تقریب میں شریک معززین نے فضل اللہ خان کو نئے کاروبار کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کی، ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس کاروبار میں خوب ترقی، وسعت اور خیر و برکت عطا فرمائے۔
اس موقع پر مظہر خان، فرحت اللہ خان، اظہر خان (سی اے)، خلیل اللہ خان، حافظ فیصل اللہ خان، سید منصور علی، پروفیسر محمد عمار، عبدالاحد، عبدالمقتدر، مبین خان، انجینئر معیز خان، حافظ حسان ایسر، محمد جواد انس، عاطف خان (آڈیٹر)، طارق انصاری، مبشر، شیخ جنید، ساجد خان، نعمان اور شہر کی مختلف سماجی، تجارتی، تعلیمی اور علمی شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی، جنہوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے نیو اپڈیٹ مینس ویئر کے روشن مستقبل کے لیے اپنی نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔