نئی دہلی، 06 مارچ (یواین آئی) ہندوستان کا معتبر گولف ٹورنامنٹ ہیرو انڈین اوپن 2025 آئندہ 27 سے 30 مارچ تک گروگرام کے ڈی ایل ایف گولف اینڈ کنٹری کلب میں کھیلا جائے گا۔جمعرات کو یہاں منعقد ایک تقریب میں ہندوستانی گولف ایسوسی ایشن (آئی جی یو) کے ذریعے ہیرو انڈین اوپن ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں جیکس کرُویسوجک، جوہانس ویئر مین، جولین گیوریئر، اینجل ہیڈالگو، فریڈرک لاکروئیکس، ڈیوڈ ریویٹو، ایون فرگوسن اور گوئیدو مگلیوگی جیسے مشہور کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں جیتنے والے ہندوستانی گولف کھلاڑیوں کو ڈی پی ورلڈ ٹور پر اگلے سال کے لیے مکمل کارڈ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ تقریب میں ٹورنامنٹ کے لیے 22.5 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔جاپان کے 24 سالہ گزشتہ فاتح کیتا ناکاجیما اس ٹورنامنٹ میں قیادت کریں گے۔ ناکاجیما کے ساتھ ایک اور سابق فاتح جرمنی کے مارسیل سیئیم بھی ہوں گے۔اس موقع پر ہیرو موٹوکورپ کے ایگزیکٹو نائب صدر سنجے بھان نے کہا، “ہیرو انڈین اوپن صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے، یہ ہندوستانی گولف کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا ثبوت ہے۔ ہیرو انڈین اوپن 2025 کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں ہندوستان کے نیشنل اوپن کے ساتھ اپنی دو دہائیوں پر محیط شراکت داری کو بڑھانے پر فخر ہے۔ یہ ٹورنامنٹ یہاں کی گولف وراثت کی بنیاد ہے۔ ہیرو موٹوکورپ ہندوستان اور عالمی سطح پر کھیلوں کی حمایت کرنے اور انہیں آگے بڑھانے کے لیے اپنی وراثت کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔