گوا8جون: گوا میں ایک سینئر ڈاکٹر کے ساتھ وزیرِ صحت وشوجیت رانے کے غیر مہذب اور توہین آمیز برتاؤ نے شدید سیاسی ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔ گوا میڈیکل کالج میں پیش آئے اس واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیرِ صحت پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور طاقت کے نشے میں چور ہونے کا الزام لگایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ایک عوامی نمائندے کی حیثیت سے رانے کا یہ رویہ نہ صرف شرمناک ہے بلکہ طبی برادری کی قربانیوں کی صریح توہین ہے۔ ویڈیو میں وزیرِ صحت کو سینئر ڈاکٹر پر چیختے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جہاں وہ ان سے بار بار نازیبا انداز میں بات کر رہے ہیں۔ وہ ڈاکٹر کو حکم دیتے ہیں کہ وہ ماسک اتارے، جیب سے ہاتھ نکالے اور فوری طور پر اسپتال سے باہر نکل جائے۔ ایک موقع پر وہ یہاں تک کہتے ہیں کہ ’’چپ رہو، ورنہ میرا بلڈ پریشر ہائی ہو جائے گا اور میں کچھ اور قدم اٹھا لوں گا۔‘‘ اس لب و لہجے اور دھمکی آمیز انداز نے نہ صرف متاثرہ ڈاکٹر کو بلکہ گوا کی میڈیکل برادری کو بھی شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ صحت کا رویہ عوامی عہدے کی حرمت کے منافی ہے۔ پارٹی نے سوال اٹھایا ہے کہ بی جے پی کے وزرا خود کو قانون سے بالاتر کیوں سمجھتے ہیں اور انہیں عوامی ملازمین کے ساتھ اس قدر تحقیر آمیز سلوک کرنے کی اجازت کون دیتا ہے؟