سری نگر،22مئی (یو این آٰئی)وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ کشمیر میں ہڑتال اب قصہ پارینہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب اس طرح کے پروگرام منعقد ہوا کرتے تھے تو ہمسایہ ملک کی جانب سے ہڑتال کی کال دی جاتی تھی لیکن آج کشمیر کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے تین دہائیوں کی نامساعد حالات کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ایس کے آئی سی سی میں جی ٹونٹی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ سری نگر میں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ماضی میں یہاں پر اس طرح کا کوئی پروگرام منعقد نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک پر کشش جگہ ہے اور یہاں کےقدرتی نظارے لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں فلم انڈسٹری کے لئے کافی مواقعے دستیاب ہیں لہذا اس سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔مرکزی وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ جب کشمیر میں اس طرح کے پروگرام منعقد ہوا کرتے تھے تو اسلام آباد کی جانب سے ہڑتال کی کال دی جاتی تاہم آج ایسا نہیں ہے بلکہ یہاں کے لوگوں نے اس کلچر کو پوری طرح سے مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہڑتال اب قصہ پارینہ بن گیا ہے اور لوگ بھی اب یہاں پر پر امن طورپر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ نامساعد حالات کی وجہ سے کشمیر کے لوگوں کو کافی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے مزید بتایاکہ تین دہائیوں کے نامساعد حالات کی وجہ سے کشمیر کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تاہم آج حالات بدل چکے ہیں، موجودہ وزیراعظم کی سربراہی میں جموں وکشمیر کافی آگے بڑھ چکاہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو اپنے بچوں کی مستقبل کی فکر کرنی چاہئے۔ اس موقع پر سیاحت کے مرکزی وزیر جے کشن ریڈی نے کہا کہ کشمیر واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔