نئی دہلی28مئی: ‘آپریشن سندور’ کے بعد ہندوستان کی سرحدوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں حکومت نے پاکستان سے متصل سرحدی علاقوں میں جمعرات کو بڑے پیمانے پر موک ڈرل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ موک ڈرل کشمیر سے لے کر گجرات تک ان تمام ریاستوں میں کی جائے گی جو پاکستان کی سرحد سے متصل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، یہ مشق جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان اور گجرات کے سرحدی علاقوں میں جمعرات کی شام کو انجام دی جائے گی۔ مقامی لوگوں کو پیشگی اطلاع دی گئی ہے اور انہیں احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس دوران سائرن بجائے جائیں گے اور بلیک آؤٹ جیسے اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیزفائر کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اس سے پہلے 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان نے جوابی کارروائی میں پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں موجود نو دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔ کارروائی کے بعد پاکستان کی جانب سے ہندوستانی سرزمین پر ڈرون حملوں کی کوشش کی گئی، جس میں تقریباً 300 سے 400 ڈرونز بھیجے گئے۔ ان حملوں کا ہدف جموں و کشمیر، پنجاب اور راجستھان کے سرحدی علاقے تھے۔ ان ڈرونز اور میزائلوں کی کوششوں کو ہندوستان کی ایئر ڈیفنس سسٹم نے مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔ اس دوران کئی علاقوں میں سائرن بجنے لگے اور بلیک آؤٹ نافذ کر دیا گیا۔ ان حملوں کے بعد ہندوستان کی بھرپور جوابی کارروائی نے پاکستان میں بے چینی پیدا کر دی۔ اسی تناؤ کے ماحول میں دونوں ممالک کے فوجی حکام کے درمیان رابطہ ہوا، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے سیزفائر کی پہل کی گئی۔