نئی دہلی15اکتوبر: آئی ڈی بی آئی بینک میں 60.72 فیصد حصص فروخت کرنے کی مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پرانے بیان کو یاد دلاتے ہوئے طنز کیا کہ ملک کو فروخت نہیں ہونے دینے کا وعدہ کرنے والے وزیر اعظم اب خود سرکاری اثاثے فروخت کر رہے ہیں۔ وہیں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے حکومت کے فیصلے کو ’سیزن اینڈ سیل‘ قرار دیا ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے سابقہ یو پی اے حکومت کے دور میں بینکوں کی صورت حال پر سوال اٹھائے ہیں۔کانگریس نے سوشل میڈیا پر ایک شارٹ ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایک طرف وزیر اعظم مودی کا پرانا بیان دکھایا گیا ہے، جس میں وہ کہتے ہیں، ’’میں نے قسم اٹھائی ہے، میں دیش نہیں بکنے دوں گا۔‘‘ دوسری طرف ایک نیوز چینل کی وہ خبر دکھائی گئی ہے جس میں آئی ڈی بی آئی بینک کے 60.72 فیصد حصص فروخت کرنے کی منظوری کی اطلاع دی جا رہی ہے۔
کانگریس نے مودی کے بیان والے فریم پر ’دیش نہیں بکنے دوں گا‘ اور بینک کی فروخت کی خبر والے فریم پر ’خود ہی سارا بیچوں گا‘ لکھا ہے۔ ویڈیو کے نچلے حصے میں ’دن رات دیش بیچ رہے پی ایم مودی‘ کا تبصرہ درج ہے۔ اس طرح پارٹی نے حکومت کے نجکاری کے فیصلے کو وزیر اعظم کے سابقہ وعدے سے جوڑتے ہوئے ان پر سیاسی طنز کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی آئی ڈی بی آئی بینک کی فروخت پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اب صرف حکومت کو فروخت کرنا باقی رہ گیا ہے۔ ان کے مطابق، دکان بند ہونے کے قریب دیکھ کر بی جے پی حکومت نے ’سیزن اینڈ سیل‘ لگا کر سب کچھ فروخت کرکے نکلنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔