جودھپور، 5 مئی (یو این آئی) راجستھان کے جودھ پور کی کڑی بھگتا سونی ہاؤسنگ بورڈ پولیس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق کرکٹر شیوالک شرما کو عصمت دری کے معاملے میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ ایس ایچ او ہمیر سنگھ بھاٹی نے پیر کو بتایا کہ ایک لڑکی کی طرف سے رپورٹ درج کرائے جانے کے بعد پولیس نے شیوالک شرما کو ہفتہ کے روز گجرات کے وڈودرا کے اٹلادرا تھانہ علاقے سے گرفتار کیا اور جودھپور کی عدالت میں پیش کیا ۔ جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ شیوالک وڈودرا کا رہنے والا ہے اور ممبئی آئی پی ایل ٹیم کے لیے کھیلتا تھا۔رپورٹ میں متاثرہ نے بتایا کہ اس کی سوشل میڈیا کے ذریعے شیوالک سے دوستی ہوئی جو بعد میں قربت میں بدل گئی۔ اس کے بعد شیوالک کئی بار جودھ پور بھی آیا اور اس نے متاثرہ کو شادی کا جھانسہ دے کر اس کے ساتھ جسمانی تعلقات بنائے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شیوالک نے لڑکی کے ساتھ منگنی بھی کی تھی۔