حیدرآباد 31اگست:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو ریونت ریڈی حکومت نے رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے طور پر نامزد کیا ہے۔ اتوار (31 اگست) کو ان کا اس نامزدگی پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اپنی نامزدگی پر پارٹی کے سینئر لیڈران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اظہر الدین نے کہا کہ ’’گورنر کے کوٹے کے تحت ایم ایل سی کے طور پر نامزد کرنے کے لیے تلنگانہ کابینہ کے فیصلے سے کافی فخر محسوس کر رہا ہوں۔‘‘ محمد اظہر الدین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے، سرکردہ لیڈران سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کے سی وینو گوپال کا ان پر اعتماد کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ رینت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ ملّو بھٹی وکرمارک، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے صدر مہیش کمار گوڑ اور تلنگانہ کی اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ ’’میں ایمانداری کے ساتھ اپنی ریاست کی خدمت کے لیے پرعزم ہوں۔‘‘