بھوپال 28اگست: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ کے ذریعہ پی ایم اسٹریٹ وینڈرس خود کفیل فنڈ (پی ایم سواندھی) یوجناکی تشکیل نوکرکے قرض مدت 31 مارچ 2030 تک بڑھانے کے فیصلے کا استقبال کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہاکہ پی ایم سواندھی یوجنا میں قرض مدت کو 31دسمبر 2024سے آگے بڑھا کر 31مارچ 2030 کرنے کا فیصلہ تاریخی اور قابل استقبال ہے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ اسکیم یقینی طور پر تمام محنت کش چھوٹے تاجروں،اسٹریٹ ویندرس اور دیگر قسم کے خود روزگار سے وابستہ لوگوں کے لیے ایک نعمت ثابت ہوگی۔ یہ اسکیم مدھیہ پردیش میں مقبول ہوئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس اسکیم کو نافذ کرنے میں مدھیہ پردیش اولین ہے۔وزیر اعظم مسٹرمودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ نے ‘پردھان منتری اسٹریٹ وینڈر آتم نربھر ندھی یوجنا ( سواندھی پی ایم) ‘ کی تشکیل نو اور قرض مدت بڑھانے کو منظوری دی ہے ۔ اس اسکیم کی کل لاگت 7,332 کروڑ روپے ہے۔مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز پردھان منتری اسٹریٹ وینڈرز آتم نربھر ندھی یوجنا کی تشکیل نو کو منظوری دینے کے ساتھ ہی تشکیل نو اسکیم میں پہلی اور دوسری قسطوں میں بڑھی ہوئی قرض رقم ،دوسرے قرض کی ادائیگی کرنے والے مستفیدین کے لیے UPI – لنکڈ RuPay کریڈٹ کارڈ کے پروویزن ، خوردہ اور تھوک لین دین کیلئے ڈیجیٹل کیش بیک مراعات شامل کیا ہے۔ اب پہلی قسط 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 15 ہزار روپے اور دوسری قسط کا قرضہ 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ 50 ہزار روپے کی تیسری قسط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔تشکیل نو پی ایم سوندھی یوجنا کا ہدف ایک کروڑ 15 لاکھ مستفیدین کو فائدہ پہنچانا ہے جس میں 50 لاکھ نئے مستفیدین بھی شامل ہیں۔