ممبئی 23؍اکتوبر ( محمد سلام ثقلینی): گزشتہ دنوں جشنِ شاہِ ثقلین کے پُر نور موقع پر حضرت شاہ ثقلین اکیڈمی آف انڈیا، سورت یونٹ کے جانب سے پانچویں اجتماعی نکاح تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شاہ ثقلین اکیڈمی بھارت کے شہر، گاؤں قصبہ اور کئی علاقوں میں معا شرے کے مستحق اور ضرورت مندوں کی فلاح و بہبودگی کے لئے کام کرتی آرہی ہے۔ جن میں ایک نہایت نیک کام کی کوشش جاری و ساری ہے جس کے تحت اکیڈمی اپنے پیرومرشِد کے فیضان اور زیر سایہ غریب بچیوں کے نکاح کا اہتمام کرتی ہے۔ اس تقریب کے موقع پر حضور پیرومرشِد موجود رہتے ہیں۔ سورت کے اس عظیم الشان تقریب میں پیرومرشِد حضرت غازی میاں ثقلینی القادری، (بریلی شریف)کی سرپرستی میں 30 غریب بچیوں کا نکاح ہوا۔ تقریب کا آغاز تلااوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خواں حضرات نے نعت و منقبت پیش کی۔ تقریب کے موقع پر علماء کرام بھی موجود تھے جن میں ممبئی سے مولانا عابد ثقلینی،مولانا مجسم ثقلینی، حافظ و قاری صداقت صاحب و دیگر علماء اسٹیج پر موجود تھے۔ مولانا عابد ثقلینی صاحب ایک بہترین مقرر خطیبِ اہلِ بیت ہیں انہوں نے اپنے خطاب میں نکاح پر قرآن و حدیث کی روشنی پر ایک مدلل اور مفصل بیان کے علاوہ معاشرے کے لئے بہترین اصلاحی خطاب فرمایا۔ جس میں انہوں نے نکاح اور ولیمہ کے ساتھ شاہ ثقلین اکیڈمی کے اس فلاحی اور نیک کام کو اپنے ایمان افروز بیان سے تقریب میں آئے ہوئے لوگوں کو بیدار کیا۔ خطبہ نکاح کے بعد تیس جوڑوں کا نکاح عمل میں آیا۔ نکاح کے بعد پیرو مرشِد نے تمام جوڑوں کو دعائیں دیں ساتھ ہی اپنے ملک بھارت میں اور ہر علاقے میں ہمیشہ امن و امان قائم رہنے کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ جشن شاہ ثقلین اجتماعی تقریب میں کئی شہروں کے شاہ ثقلین اکیڈمی یونٹس کے صدر و اراکین موجود تھے۔ ساتھ ہی سورت شہر کی معزز شخصیات کے ساتھ کثیر تعداد میں علاقے کے معتبر شہری اور نوجوانوںنے شرکت کی۔ صلوۃ و سلام اور دعا کے بعد تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔