بھوپال 27جنوری:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں مدھیہ پردیش کو ہر شعبے میں مسلسل بڑی کامیابیاں اور تحفے مل رہے ہیں۔ گزشتہ 11 برسوں کے دوران پورے ملک کے ساتھ ساتھ ہماری ریاست بھی بدل رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے سال 2026 کو کسان فلاحی سال قرار دیا ہے۔ پورے سال کے دوران کسانوں کے حق میں متعدد فیصلے کیے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے ہر کھیت تک آبپاشی کے لیے پانی پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم مسٹر مودی نے بندیل کھنڈ سے کین-بیتوا ندی جوڑو مہم کی شروعات کی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر علاقے کے کئی اضلاع کے کسانوں کے کھیتوں میں فصلیں لہلہائیں گی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ منگل کو منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں نرمداپورم ضلع میں دو آبپاشی منصوبوں کے لیے 215 کروڑ 47 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس سے سہاگ پور اور پپریا علاقے کے کسانوں اور مقامی قبائلی بھائی بہنوں کو ایک انمول تحفہ ملا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو منگل کی شام وزیر اعلیٰ رہائش گاہ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سہاگ پور کے رکن اسمبلی مسٹر وجئے پال سنگھ نے علاقے کے عوام کو ملنے والی سہولتوں کے لیے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کا شکریہ ادا کیا۔ سوہاگ پور سے آئے پارٹی عہدیداران، مقامی شہریوں اور بے گھر قبائلی خاندانوں نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کا پُرخلوص استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کا سالانہ بجٹ اب 4 لاکھ 21 ہزار کروڑ روپے ہو چکا ہے۔ ریاست میں صنعتی ترقی کو رفتار دینے کے لیے ہماری حکومت پُرعزم ہے اور اس کے مثبت نتائج اب زمینی سطح پر نظر آنے لگے ہیں۔ نرمداپورم ضلع میں بابئی-مہاسا صنعتی علاقہ ترقی یافتہ بنایا جا رہا ہے۔
اس سے مستقبل قریب میں سوہاگ پور، پپریا اور آس پاس کے علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ریاستی حکومت ورثے کے تحفظ کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ریاست کے غریب، کسان، نوجوان اور خواتین کی فلاح کے لیے عوامی مفاد میں فیصلے لیے گئے ہیں۔ مشہور سیاحتی مقام پچمڑھی میں کابینہ اجلاس منعقد کر کے ہم نے علاقے کے فخر راجہ بھبھوت سنگھ کو یاد کیا۔ اسی طرح اندور، کھجوراہو اور گوالیار جیسے مقامات پر بھی کابینہ اجلاسوں میں کئی اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔









