بھوپال، 10 اکتوبر: ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے آج سہور ضلع میں آشٹا منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سویابین کے کسانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔ پٹواری نے کہا کہ ریاست کے کسان شدید معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں- فصل تباہ ہو چکی ہے، انشورنس کمپنیوں نے ہاتھ کھڑے کر دئے ہیں اور حکومت ابھی تک راحت دینے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ موہن یادو اور بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈروں نے ریاست بھر میں ’’بھاوانتر اتسو‘‘ منایا، لیکن جب کسانوں کی سویابین کی خریداری ہی نہیں ہوئی تو یہ کیسا بھاوانتر اور کس چیز کا جشن منا رہے ہیں؟ ریاست بھر میں سویابین 3500 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، ایسے میں5328 کے بھاوانتر کی بات صرف گمراہی پھیلانے جیسی ہے۔‘‘
پٹواری نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کے ضلع سیہور میں کسانوں کی حالت بھی ابتر ہے۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ جی، جب فصل ہی نہیں ہوئی ہے اور انشورنس کمپنیوں نے پلہ جھاڑ لیا ہے، تو کسانوں کو راحت دینے کے لئے حکومت کو فوری طور پر 20,000 روپے فی ایکڑ جمع کرانا چاہیے۔‘‘
ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ حالیہ حد سے زیادہ بارش اور سیلاب نے کسانوں کی باقی فصلوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کابینہ کا خصوصی اجلاس بلائیں اور کسانوں کے مفاد میں راحت پیکج کا اعلان کریں۔اس موقع پر کسان کانگریس کے ریاستی صدر دھرمیندر سنگھ چوہان، سابق ایم ایل اے شیلیندر پٹیل، ضلع کانگریس صدر راجیو گجراتی، سابق میونسپل کونسل صدر کیلاش پرمار، ریاستی ترجمان راہل راج، کانگریس لیڈر اوم پٹیل، اور تمام مقامی کارکنان اور کانگریسی لیڈران موجود تھے۔