ممبئی 10جون: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کا آج (10 جون) کو 26واں یوم تاسیس ہے۔ شرد پوار اور اجیت پوار نے اپنے اپنے دھڑوں کے ساتھ الگ الگ یوم تاسیس منایا۔ اس موقع پر شرد پوار نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے 2023 میں پارٹی میں ہوئی تقسیم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نظریاتی وفاداری نے تقسیم کے بعد بھی پارٹی کی روح کو برقرار رکھا اور آئندہ بلدیاتی انتخاب میں بدلی تصویر نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ پارٹی 2 حصوں میں تقسیم ہو جائے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پارٹی کو کچھ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لیکن آپ لوگ ہمت ہارے بغیر پارٹی کو آگے لے جاتے رہے۔ پارٹی ٹوٹ گئی، ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا 26 سال قبل جس پارٹی کی بنیاد ڈالی تھی وہ تقسیم ہو جائے گی، لیکن ایسا ہوا۔
‘‘ شرد پوار نے مزید کہا کہ ’’کچھ لوگ دوسرے نظریات والوں کے ساتھ چلے گئے اور یہ تقسیم ہو گئی۔ میں آج اس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا، لیکن جو لوگ پارٹی کے تئیں وفادار رہے، یہ ہماری پارٹی کے نظریہ کی وجہ سے تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے آئندہ بلدیاتی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’آنے والے انتخاب میں ایک الگ تصویر سامنے آئے گی۔‘‘ واضح ہو کہ جولائی 2023 میں اجیت پوار اور شرد پوار کے درمیان تناؤ کے بعد دونوں کے درمیان دراڑ پیدا ہو گئی تھی۔ اس کے بعد پارٹی 2 حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ بھتیجے اجیت پوار نے اپنی الگ پارٹی بنا لی، بی جے پی اور شیو سینا (شندے دھڑے) سے ہاتھ ملا لیا۔
این سی پی کے یوم تاسیس پر رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا کہ ’’یہ تنظیم گزشتہ 26 سالوں سے شرد پوار صاحب کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔ 26 سالوں میں سب نے بہت تعاون کیا، یہ سب ٹیم ورک کی وجہ سے ممکن ہو پایا ہے۔‘‘ جب ان سے اجیت پوار کے بارے میں سوال کیا گیا کہ کیا آج انہیں داد کی یاد آتی ہے اور کیا وہ دادا کو فون کریں گی تو انہوں نے کہا کہ ’’دادا کی ہمیشہ یاد آتی ہے۔ میرے پاس 6 بھائی ہیں مجھے ان سب کی یاد آتی ہے۔ میں سب سے بات کرتی ہوں۔‘‘