رانچی، 29 نومبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے جے ایس سی اے اسٹیڈیم میں 30 نومبر کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جانا ہے۔ یہ مقابلہ کافی خاص مانا جا رہا ہے کیونکہ ٹیم انڈیا کے بڑے بلے باز روہت شرما اور وراٹ کوہلی لمبے عرصے کے بعد واپسی کر رہے ہیں جس سے ہندوستانی ٹیم کو مضبوطی ملے گی۔ ٹیم کے کپتان کے ایل راہل ہوں گے جبکہ ٹیم شبھمن گل، شریس آئیر اور جسپریت بمراہ کے بغیر کھیلے گی۔ دونوں ٹیمیں مقابلے سے پہلے زبردست پریکٹس میں لگی ہوئی ہیں تاکہ وہ میچ میں اپنی بہترین لےَ حاصل کر سکیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچوں کی تاریخ کافی دلچسپ رہی ہے۔ اب تک کل 58 ون ڈے میچ کھیلے گئے ہیں جس میں جنوبی افریقہ نے 30 میچ جیتے ہیں جبکہ ہندوستان 27 بار فاتح رہا ہے۔ اس بار ہندوستان 3-0 سے جیت کر کرکٹ میں اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتا ہے اور ٹیسٹ سیریز کی ہار کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ نے 2023 میں بھی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلی تھی، جس میں ہندوستان نے 2-1 سے جیت حاصل کی تھی۔ گھریلو میدان پر ہندوستان نے پچھلے 15 سال میں ون ڈے میں 71 فیصد میچ جیتے ہیں جو ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک بڑی طاقت ہے۔
سیریز کے تینوں میچ 30 نومبر، 3 دسمبر اور 6 دسمبر کو بالترتیب رانچی، رائے پور اور وشاکھاپٹنم میں کھیلے جائیں گے۔ اس سیریز میں ہندوستان کے پاس ٹیسٹ کی ہار کا حساب برابر کرنے کا موقع ہے۔ ساتھ ہی یہ مقابلہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے لیے بھی خاص ہوگا کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے ہندوستانی بلے باز بھی بننے والے ہیں۔ دونوں کی جوڑی ٹیم انڈیا کے لیے بڑی طاقت ثابت ہونے والی ہے۔