بھوپال:18؍مارچ:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے گزشتہ روز 17ویں صدی کے حکمران چھترپتی سمبھاجی راؤ مہاراج کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی فلم ’’چھاوا‘ دیکھی۔ لکشمن اتیکر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو بھی مدھیہ پردیش حکومت نے ٹیکس فری کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کے علاوہ اسمبلی اسپیکرمسٹر نریندر سنگھ تومر، نائب وزیر اعلیٰ مسٹرجگدیش دیوڑا، وزراء کونسل کے اراکین اور کئی عوامی نمائندوں نے اشوکا لیک ویو کمپلیکس کے کھلے تھیٹر میں فلم دیکھی اور فلم کی تعریف کی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ حب الوطنی کا پیغام دینے والی ایک متاثر کن فلم ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت ایسی تاریخی پس منظر پر بننے والی فلموں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو لوگوں کو ہندوستان کی شاندار تاریخ کے بارے میں آگاہ کریں۔ ریاستی حکومت ہندوستان کے بہادر حکمرانوں اور محب وطنوں کی جدوجہد کی کہانی پیش کرنے والے سنیما کو فروغ دینے میں مکمل تعاون کرے گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج جتنے دلیر اور بہادر تھے، ان کے بیٹے چھترپتی سمبھاجی راؤ مہاراج بھی ایسے ہی تھے۔ وہ ایسے حکمران تھے جنہوں نے وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے حب الوطنی کی شاندار مثال پیش کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 300 سال سے زیادہ پرانے دور کو سنیما اسکرین پر زندہ کیا گیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اداکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج دنیا میں بہت ہنگامہ برپا ہے اور وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قابل قیادت میں ہندوستان اپنے ورثے اور ثقافت کو محفوظ رکھتے ہوئے ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یقیناً عوامی نمائندوں کے ساتھ ایسی فلم دیکھنا میرے لیے ایک خوشگوار اتفاق ہے۔