بھوپال:20؍جنوری:گورنر مسٹرمنگو بھائی پٹیل نے کہا کہ تعلیم ہی تبدیلی کی مضبوط بنیاد ہے۔ تعلیم کے توسط سے ہی خاندان، معاشرے اور قوم کی ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کا ہرایک بچہ چاہے وہ لڑکا ہو یا لڑکی سبھی کو تعلیم کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ تعلیم یافتہ بچے ہی ایک مضبوط، خود انحصار اور بااختیار قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔گورنر مسٹرپٹیل نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ضلع سیہور کی تحصیل بھیروندہ کے موگراکھیڑا گاؤں میں منعقدہ قبائلی ترقیات استحکام کاری کانفرنس میں کیا۔ گورنر مسٹر پٹیل کا روایتی قبائلی رسم و رواج اور لوک روایات کے مطابق پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کانفرنس میں اسکولی بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔گورنر مسٹرپٹیل نے قبائلی برادری کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی ثقافت، روایات اور اقدار کو برقرار کا تحفظ کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔سوامی وویکا نند کے ترغیبی قول ’’ اٹھو، جاگو اور تب تک مت رکو ، جب تک ہدف حاصل نہ ہو جائے ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے گورنر مسٹر پٹیل نے سبھی سے مسلسل کوشش اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی بھی اپیل کی۔