ریاض3اکتوبر:متحدہ عرب امارات (UAE) کے نائب وزیر اعظم اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد آل مکتوم نے ہفتے کے روز ابوظہبی کے اسپتال پہنچ کر ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کی۔ انہوں نے طیارے میں سوار 174 مسافروں کی جان بچانے پر کیپٹن اسمت کی بہادری کو سلام کیا ۔ ملاقات کے دوران ولی عہد نے کیپٹن اسمت کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پیشانی کو بوسہ بھی دیا۔ابوظہبی کے اسپتال میں کیپٹن اسمت سے ملاقات کے بعد ولی عہد شیخ حمدان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ کیپٹن اسمت نے ہمت، ذمہ داری اور انسانیت کی بہترین مثال پیش کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت اور وہاں کے عوام کو ان کے اس جذبے پر بے حد فخر ہے۔ اسپتال سے پہلی بار کیپٹن اسمت مچھار کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ ان کی پیشانی پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ ہاتھ پر پلاسٹر نظر آ رہا ہے، جبکہ ایک ہاتھ مکمل طور پر سفید پٹیوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ اتنے گہرے زخموں اور شدید درد کے باوجود اسمت سب سے ہنستے مسکراتے ہوئے ملاقات کر رہے ہیں۔









