نئی دہلی، 17 اگست (یواین آئی) مرکزی وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اتوار کو فٹ انڈیا سنڈے آن لائن سائیکلنگ کے36 ویں ایڈیشن میں فعال طرز زندگی کے لیے فٹ انڈیا موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی اپیل کی۔ڈاکٹر مانڈویا نے آج اپنے آبائی گاؤں ہنول، پالیانہ، گجرات میں فٹ انڈیا سنڈے آن لائن سائیکلنگ پہل میں حصہ لے کر تمام شہریوں سے ایک فعال طرز زندگی اپنانے کی اپیل کی۔ نیشنل کیڈٹ کور کے نوجوانوں نے بھی سائیکل پر اتوار کے 36ویں ایڈیشن میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر مانڈویا نے گاؤں کے مردوں اور عورتوں پر زور دیا کہ وہ فٹ انڈیا موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور کاربن کریڈٹ کی سہولت کا استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ میں ہر کسی سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ فٹ انڈیا موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور دیکھیں کہ سائیکل چلانے سے یا گاؤں میں گھومنے پھرنے سے کتنا کاربن بچ رہا ہے۔ اس ایپ کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ یہ آپ کو آپ کی صحت کے بارے میں تمام معلومات فراہم کرتا ہے، فاصلے اور وقت سے لے کر دل کی دھڑکن وغیرہ تک، جو آپ کی صحت پر نظر رکھنے کے لیے فائدہ مند ہے۔صحت مند اور آلودگی سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے اپنے مشن کو جاری رکھتے ہوئے نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت نے نیشنل کیڈٹ کور کے تعاون سے آج ملک بھر میں 5000 مقامات پر ’فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل‘ کا اہتمام کیا۔ تقریباً 3000 نمو فٹ انڈیا کلبوں نے بھی اس پروگرام میں حصہ لیا۔