نئی دہلی 23جولائی:’’ٹرمپ بار بار کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے جنگ بندی کروائی ہے، لیکن نریندر مودی خاموش ہیں، جواب نہیں دے رہے۔ کیا نریندر مودی امریکی صدر ٹرمپ کی غلامی کرنا چاہتے ہیں؟‘‘ یہ تلخ سوال کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے امریکی صدر ٹرمپ کے تازہ بیان کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا ہے۔ کانگریس صدر نے پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد پارٹی کی طرف سے مرکزی حکومت کو مکمل حمایت دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک سب سے ضروری ہے، اس لیے ہم نے حکومت کی حمایت کی تھی۔ ایسے میں ٹرمپ بار بار جنگ بندی کی بات کہہ کر ہندوستان کی بے عزتی کرتے ہیں تو وزیر اعظم کو اس کا ڈٹ کر جواب دینا چاہیے۔‘‘ یہ بیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے میڈیا سے بات چیت کے دوران دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کے ذریعہ بار بار ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئی جنگ بندی کا سہرا لینے سے کہیں نہ کہیں ہندوستانی وزیر اعظم کی کمزوری ظاہر ہوتی ہے۔ وہ صاف لفطوں میں کہتے ہیں کہ پی ایم مودی کو اس معاملے میں خاموش نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ایک واضح جواب سامنے رکھنا چاہیے۔