چنئی 30جنوری:ڈی ایم کے (دراؤڑ منیترا کزگم) کی نائب جنرل سیکریٹری اور رکنِ پارلیمنٹ کنی موزھی نے جمعرات کے روز تمل ناڈو میں ریلوے اسٹیشن کے سائن بورڈ پر ہندی زبان شامل کیے جانے کو ’’ہندی مسلط کرنے‘‘ کی ایک اور کوشش قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کنی موزھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر چنئی کے ایک ریلوے اسٹیشن کے نام بورڈ کی تصویر شیئر کی، جس میں تمل زبان کے ساتھ ہندی میں بھی اسٹیشن کا نام درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے تمل زبان میں لکھا، جس کا مفہوم کچھ یوں ہے : ’’یہ سلسلہ کلّاکوریچی سے شروع ہوا اور اب چنئی پون تھوٹم تک پہنچ گیا ہے۔ یہ لوگ ہندی مسلط کرنا بند نہیں کریں گے، اور ہم اس کی مزاحمت کرنا کبھی نہیں چھوڑیں گے۔‘‘









