باتومی (جارجیا) 24 جولائی (یو این آئی) بین الاقوامی ماسٹر دیویا دیشمکھ نے چین کی تیسری سیڈ تان زونگی کو شکست دے کر ایف آئی ڈی ای خواتین کے شطرنج ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔19 سالہ دیویا دیش مکھ نے بدھ کو کھیلے گئے ایف آئی ڈی ای خواتین کے عالمی شطرنج کپ کے سیمی فائنل کے دوسرے گیم میں سابق عالمی چیمپئن چین کی ژونگی کو شکست دی اور میچ 1.5-0.5 سے جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔اس سے قبل ہندوستانی کھلاڑی دیویا نے دوسری سیڈ زو جینر اور اپنی اعلیٰ رینکنگ والی ہم وطن ہریکا ڈروناویلی کو شکست دی۔ ایف آئی ڈی ای اولمپیاڈ میں انفرادی اور ٹیم گولڈ میڈل جیتنے کے ایک سال بعد، دیویا کا ورلڈ کپ فائنل تک کا سفر ان کے اب تک کے شاندار کیریئر میں ایک اور کامیابی ہے۔ اس جیت کے ساتھ وہ اگلے سال ہونے والے کینڈیڈیٹس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئیں۔ویمنز ورلڈ کپ کے تیسرے ایڈیشن میں، اس ٹورنمنٹ میں 15 ویں سیڈ دیویا اب اس کی سب سے کم عمر فائنلسٹ ہیں۔ وہ نورگیُل سلیمووا سے ایک سال چھوٹی ہیں۔ دیویا، سلیمووا کے ساتھ خواتین کے ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنانے والی واحد بین الاقوامی ماسٹرز کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔اس سال کے شروع میں عالمی چیمپئن شپ میں جو وینجن سے ہارنے والی ژونگی کے لئے یہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مسلسل تیسری شکست ہے۔ مقابلے کے پہلے دو ایڈیشن میں وہ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہی تھیں۔









