بنگلورو، 29 جولائی (یو این آئی)باوقار دلیپ ٹرافی28 اگست سے 15 ستمبر تک بنگلورو میں منعقد ہوگی۔ بی سی سی آئی نے آج اعلان کیا۔تمام میچ ناک آؤٹ فارمیٹ میں سینٹر آف ایکسی لینس گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، جس میں چھ زونز – ساؤتھ، سینٹرل، ویسٹ، ایسٹ، نارتھ اور نارتھ ایسٹ شامل ہیں۔
ساؤتھ اور ویسٹ زونزکوسیمی فائنل میں براہ راست جگہ دی گئی ہے۔28 سے 31 اگست تک ہونے والے کوارٹر فائنل میں نارتھ زون کا مقابلہ ایسٹ زون اور سینٹرل زون کا مقابلہ نارتھ ایسٹ زون سے ہوگا۔ جیتنے والی ٹیمیں 4 سے 7 ستمبر تک ہونے والے سیمی فائنل میں داخل ہوں گی، فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔دلیپ ٹرافی، جو کہ علاقائی ٹیموں کے درمیان 16-2015کے سیزن تک کھیلی جاتی تھی، 17-2016اور 20-2019کے درمیان انڈیا اے، بی، سی اور ڈی میں تبدیل کردی گئی۔
تاہم ٹورنامنٹ 2022-23 میں اپنے زونل فارمیٹ میں واپس آیا، لیکن گزشتہ سالاے بی سی ڈی فارمیٹ دوبارہ استعمال کیا گیا۔ بی سی سی آئی کی اے جی ایم میں کئے گئے آخری فیصلے کے بعد اب زونل سسٹم کو بحال کر دیا گیا ہے۔
کووڈ 19 وبا کی وجہ سے مقابلہ بھی دو سیزن کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔دریں اثنا، ناگپور آئندہ ایرانی کپ کی میزبانی کرے گا، جس میں دفاعی رنجی ٹرافی چیمپئن ودربھ سالانہ پانچ روزہ مقابلے میں ریسٹ آف انڈیا سے مقابلہ کرے گا۔









