دیو، 22 مئی (یواین آئی) مہاراشٹر کی دکشا یادو نے پہلے کھیلو انڈیا بیچ گیمز میں جمعرات کو طاقت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپن سی تیراکی مقابلے میں اپنا دوسرا سونے کا تمغہ جیتا۔ وہیں پنچک سلاٹ میں منی پور، ناگالینڈ اور جموں و کشمیر نے طلائی تمغے اپنے نام کیے۔آج یہاں سمندر میں ہونے والے تیراکی مقابلے کی پانچ کلومیٹر کی ریس کو 19 سالہ دکشا نے ایک گھنٹہ 10 منٹ 12 سیکنڈ میں مکمل کر کے سونے کا تمغہ جیتا اور وہ اپنی ہی ریاست کی پوروا گاؤڑے (1:10:25) سے صرف 13 سیکنڈ آگے رہیں۔ کرناٹک کی آسرا آر سدھیر (1:10:29) نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس سے قبل دکشا نے بدھ کو 10 کلومیٹر ریس میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔مردوں کی ریس بھی انتہائی سنسنی خیز رہی، جس میں کرناٹک کے دروپد رام کرشن نے 1 گھنٹہ 6 منٹ 46 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کر کے سونے کا تمغہ جیتا۔پنچک سلاٹ میں جمعرات کو دادرا اینڈ نگر حویلی اور دمن اینڈ دیو اور منی پور نے اپنے تمام چار سونے کے تمغے اسی کھیل میں جیتے۔ مہاراشٹر، جو اس وقت تمغوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے، نے اوپن واٹر سوئمنگ اور پنچک سلاٹ دونوں میں دو دو سونے کے تمغے جیتے ہیں۔ڈی این ایچ ڈی ڈی کے پرسننا نریندر بیندرے نے بھی پنچک سلاٹ میں اپنا دوسرا انفرادی سونے کا تمغہ جیت کر خاصی شہرت حاصل کی۔ ناگالینڈ نے بھی آج دو سونے کے تمغے جیتے۔ جموں و کشمیر کے سجاد احمد بیگ نے اوڈیشہ کے ایس گورنگ کو سینئر مردوں کے زمرے سی (55-60 کلوگرام) تانڈنگ (کومبیٹ) فائنل میں 9-0 سے شکست دے کر اپنی ریاست کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ جموں و کشمیر کا پہلا سونے کا تمغہ ہے۔سیپک ٹکرا میں ہریانہ اور کیرالہ کا دبدبہ رہا۔ چھ سونے کے تمغوں والے کھیلوں میں سے ایک سیپک ٹکڑا میں مقابلے صبح اور شام دونوں سیشنز میں ہوئے۔ بدھ کی دیر رات، ہریانہ نے سیپک ٹکرا مقابلے میں اپنا دوسرا سونے کا تمغہ جیتا۔ خواتین کی ٹیم کےسونے کا تمغہ جیتنے کے بعد، ہریانہ کی مردوں کی ٹیم نے ڈبلز ایونٹ میں بھی سونے کا تمغہ جیتا۔ہریانہ کی مردوں کی ٹیم نے گوا کو 2-0 (15-4، 15-11) سے ہرایا۔ اسی طرح کیرالہ کی لڑکیوں کی ڈبلز ٹیم نے اوڈیشہ کو 2-0 (15-4، 15-9) سے ہرا کر آسانی سے فتح حاصل کی۔ دوسری جانب، دہلی نے سیپک ٹکرامردوں کے ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے اس سے قبل مردوں کی ٹرپل ٹیم ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔بیچ ساکر مقابلوں میں آج مدھیہ پردیش کی خواتین کی ٹیم اور اتر پردیش کی مردوں کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریفوں کو حیران کر دیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔گھوگھلا بیچ پر کھیلے گئے خواتین کے گروپ-بی مقابلے میں مدھیہ پردیش نے آندھرا پردیش کو 6-1 سے زبردست شکست دی۔ اس مقابلے میں مدھیہ پردیش کی اسٹار کھلاڑی سیوکتا نے دو شاندار گول داغے۔ مدھیہ پردیش کا سیمی فائنل میں گروپ-اے کی فاتح گجرات سے مقابلہ ہوگا۔مردوں کے گروپ-بی مقابلے میں مہاراشٹر نے گجرات کو 6-5 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ایک وقت مہاراشٹر 3-1 سے پیچھے تھا، لیکن ساگر اور آرین وکرم تھیوپرکل کے دو دو گولوں نے ٹیم کو واپسی کراتے ہوئے آخری چار میں جگہ دلائی۔ اب سیمی فائنل میں مہاراشٹر کا مقابلہ گروپ-اے کے فاتح کیرالہ سے ہوگا۔دوسرے سیمی فائنل مقابلوں کی بات کریں تو خواتین میں گروپ-اے کی رنر اپ اتر پردیش کا مقابلہ گروپ-بی کی فاتح اوڈیشہ سے ہوگا، جبکہ مردوں میں گروپ-بی کی فاتح لکشدیپ کا مقابلہ گروپ-اے کی رنر اپ گوا سے ہوگا۔سیمی فائنل میں پہنچنے والی آٹھ ٹیموں میں صرف اتر پردیش اور مدھیہ پردیش ہی ایسی ٹیمیں ہیں جو ساحلی نہیں ہیں۔ ان ریاستوں کے کھلاڑی کبھی ندی کے کنارے پریکٹس کرتے ہیں تو کبھی بڑے ایونٹس کی تیاری کے لیے سمندری ساحلوں پر بھیجے جاتے ہیں۔تمام سیمی فائنل مقابلے جمعہ کی صبح کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل اسی دن شام کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے ضابطےکے مطابق سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو بھی کانسی کا تمغہ ملے گا۔واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے خطرے کی وجہ سے جمعہ کو کھیلوں کا اختتام ہوگا۔
اس دن صبح اور شام دونوں سیشنز میں کئی فائنل مقابلے کھیلے جائیں گے۔