نئی دہلی/دوحہ، 10 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی انڈر 23 مینس فٹ بال ٹیم برو نیئی کے خلاف 6-0 کی شاندار جیت کے باوجود اے ایف سی انڈر 23 ایشین کپ کوالیفائر سے باہر ہو گئی۔آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن نے ایک بیان میں کہا ہندوستانی انڈر 23 مردوں کی قومی ٹیم منگل کو قطر کے دوحہ کے سہیم بن حمد اسٹیڈیم میں برو نیئ دارالسلام کو 6-0 سے شکست دینے کے باوجود اے ایف سی انڈر 23 ایشیائی کپ کوالیفائر سے باہر ہو گئی ہے۔ اے آئی ایف ایف نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم نے اپنے تین میچوں سے چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔قطر ایک بہترین ریکارڈ (تین میچوں میں نو پوائنٹس) کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہا، جب کہ ہندوستان چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ 11 گروپوں میں سے چار بہترین دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں نے بھی کوالیفائی کیا، لیکن ہندوستان گروپ کی رنر اپ ٹیموں میں پانچویں نمبر پر رہا۔ دوحہ قطر کے سہیم بن حمد اسٹیڈیم میں کل کھیلے گئے میچ میں مڈفیلڈر ویبن موہنن نے (پانچویں، ساتویں اور 62ویں) منٹ میں گول کر کے ہیٹ ٹرک کی جبکہ محمد ایمن نے (87ویں، 90ویں) منٹ میں دو گول کیے، جبکہ آیوش چھتری نے41ویں منٹ میں گول اسکور کیا۔ میچ میں ہندوستان کا آغاز شاندار رہا موہنن نے پانچویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ مڈفیلڈر موہنن نے دو منٹ بعد دوسرا گول کر کے برتری کو 2-0 کر دیا۔ آیوش چھتری نے 41ویں منٹ میں تیسرا گول کیا۔ 62ویں منٹ میں موہنن نے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ آخری لمحات میں ایمن نے مزید دو شاندار گول کر کے سکور 6-0 کر دیا۔