نئی دہلی9اکتوبر: دہلی پولیس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے 10 اکتوبر کو جنتر منتر پر مجوزہ احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ احتجاج کے پیش نظر راجدھانی میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی پولیس نے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) سے 57 میٹرو اسٹیشن بند رکھنے کی سفارش کی ہے۔ پولیس کے مطابق، احتجاج کی اجازت کے لیے سی جے پی کے شریک کنوینر سورَو داس کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی۔ نئی دہلی رینج کی جوائنٹ پولیس کمشنر نوپور پرساد نے بتایا کہ درخواست پر غور کرنے کے بعد اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق، مقررہ رہنما خطوط کے تحت احتجاج کی اطلاع کم از کم 10 دن پہلے دینا ضروری ہے، جب کہ اس مرتبہ بہت کم وقت پہلے درخواست دی گئی۔ پولیس نے اجازت مسترد کرنے کی ایک اور وجہ یہ بتائی کہ ماضی میں جنتر منتر پر احتجاج کی اجازت ملنے کے باوجود تنظیم نے قانونی ہدایات اور اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا تھا۔ نوپور پرساد کے مطابق، موجودہ صورت حال میں امن و امان برقرار رکھنے، عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے پیش نظر احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئی دہلی کے علاقے میں بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 نافذ ہے، جس کے تحت عوامی نظم و ضبط اور سلامتی برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے، توڑ پھوڑ کرنے یا سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔