نئی دہلی2ستمبر: دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو آج دہلی کے سیلاب متاثرہ بدرپور اور کھادر علاقوں کا دورہ کیا جہاں حالات فکر انگیز ہو گئے ہیں۔ دیویندر یادو اور کچھ دیگر کانگریس لیڈران نے سیلاب متاثرہ مقامات پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے دیکھا کہ علاقے میں پورا گاؤں پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور قریبی کالونیوں، سڑکوں و نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ ہتھنی کنڈ سے لاکھوں کیوسک پانی مسلسل دہلی کی طرف آنے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں سیلاب کے لیے ذمہد ار بی جے پی حکومت ہے لیکن خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ہریانہ کی بی جے پی حکومت کی طرف سے ہتھنی کنڈ سے لاکھوں کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا اور دہلی کی ریکھا گپتا حکومت نے نہ ہی کوئی حکمت عملی اختیار کی اور نہ ہی ہریانہ حکومت سے کوئی مذاکرہ کیا۔ ہم بار بار متنبہ کر رہے تھے کہ ہریانہ سے محدود پیمانے پر پانی چھوڑنے کو کہا جائے، لیکن اس سلسلے میں کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ دیویندر یادو نے متاثرہ لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سے آشنائی حاصل کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ جمنا میں بڑھتے ہوئے پانی کی سطح سے جمنا کنارے بسنے والے لوگوں کے لیے جو پریشانی پیدا ہوئی ہے، وہ بی جے پی حکومت اور انتظامیہ کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ حکومت کو سیلاب سے راحت کے انتظامات وقت پر کرنے چاہئیں کیونکہ وقت گزر جانے کے بعد کیے گئے انتظامات بے معنی ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتے ہوئے پانی سے بچنے کے لیے یہاں کے لوگ اپنے انتظامات خود کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کی طرف سے بچاؤ و راحت کے سلسلے میں ابھی تک کوئی کارروائی شروع نہیں ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے صرف اعلان کر کے رسمی کارروائی پوری کی ہے۔








