نئی دہلی 25مئی: راجدھانی دہلی میں ہفتہ (24 مئی) کو پوری رات بارش اور آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں آبی جماؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ عام آدمی پارٹی نے آبی جماؤ کے متعلق بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی اور اسے ’4 انجن والی‘ حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ عام آدمی پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر متعدد پوسٹوں کے ذریعہ راجدھانی دہلی کے کئی آبی جماؤ والے علاقوں جیسے دھولا کنواں، دہلی کینٹونمنٹ اور آئی ٹی او کی کئی تصاویر شیئر کیں۔ پوسٹ میں عآپ نے کہا کہ ’’دہلی میں تھوڑی دی بارش ہوتی ہے اور سڑکیں لبالب بھر جاتی ہیں۔ یہ سڑکیں بی جے پی کی 4 کھٹارا انجن والی سرکار کی کہانی بتا رہی ہے۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے مطابق دہلی میں ایسا کوئی علاقہ نہیں ہے جہاں پانی نہ جمع ہوا ہو، جو بی جے پی کی 4 انجن والی حکومت کی ناکامی کی کہانی بیان کر رہی ہے۔ منٹو برِج کا ویڈیو پوسٹ کر عآپ نے کہا کہ ’’منٹو بِرج کے نیچے ذار سی بارش میں ایسا آبی جماؤ ہو گیا، جس میں کار ہی ڈوب گئی۔ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور وزیر پرویش ورما یہاں فوٹو شوٹ کروا کر گئے تھے۔ لیکن انہوں نے یہاں صرف فوٹو شوٹ کرایا، کوئی کام نہیں کیا۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آبی جماؤ میں کار ڈوب گئی۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ رات دہلی میں شدید بارش کے ساتھ آندھی و وطوفان کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے۔ درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ یہی نہیں کئی علاقوں میں آبی جماؤ کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے ’پرائمری ویدر اسٹیشن‘ نے رات 1.30 بجے سے صبح 5.30 بجے کے درمیان 6 گھنٹوں میں 82 کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں اور 81.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نقلی سونے کے کاروبار میں ملوث تین افراد گرفتار
امپھال، 25 مئی (یو این آئی) منی پور میں نقلی سونے کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کاکچنگ کے میانگ امپھال تھانے کے تحت ہنگون کے علاقے سے گرفتار کیے گئے تین افراد میں مہاراشٹر کے سانگلی کے بیلواڈے کے شیواجی گائیکواڑ، مہاراشٹر کے سانگلی کے خانپور تعلقہ کے جالندر شام راؤ جادھو اور مغربی بنگال کے ہاوڑہ کے رام داس تانا جی کھنڈرے ایشور دتہ لین شامل ہیں۔
پولیس نے ان افراد کو عام لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے نقلی سونا بنانے اور خاص آلات سے ان پر ٹریڈ مارک لگاکر خالص سونا بنانے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ان سے ایک ہائیڈرولک مشین، ایک پگھلانے والی مشین، مختلف سائز کے 94 گریفائٹ کروسیبلز، کاربن راڈز، کیمیکل اور دیگر اشیا برآمد کی گئی ہے۔