نئی دہلی، 16 جون (یو این آئی) دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) نے پیر کو اپنے ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا باضابطہ آغاز کیا۔قومی دارالحکومت کے سب سے بڑے انٹر کلب مقابلوں میں سے ایک ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ پیر کو یہاں سینٹ اسٹیفن کالج گراؤنڈ میں مدراس سی سی اور یارک سی سی کے درمیان ایک سنسنی خیز افتتاحی میچ سے شروع ہوا۔ مقابلے میں کل 104 کلب حصہ لیں گے۔ گروپ مرحلے کے لیے ٹیموں کو نو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈی ڈی سی اے کے صدر روہن جیٹلی نے کہا، “یہ ٹورنامنٹ دہلی کرکٹ کے مضبوط مستقبل کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ ہمارا مقصد ایسے مزید پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں نوجوان اور خواہشمند کھلاڑی مقابلہ کر سکیں، ترقی کر سکیں اور قیمتی تجربہ حاصل کر سکیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ اقدام کرکٹرز کی نئی نسل کو متاثر کرے گا اور مقامی کرکٹ ماحولیاتی نظام میں مزید توانائی لائے گا۔افتتاحی تقریب میں ڈی ڈی سی اے کے سکریٹری اشوک شرما، ڈائریکٹر شیام شرما، شریک چیئرمین لیگ کمیٹی ڈاکٹر احمد تمیم، شریک کنوینر ہرش گپتا اور سینئر سکریٹریز پرمود جین اور شراون کمار موجود تھے۔